سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تعینات ہیں، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے کہا ہے کہ پاک فوج کے دستے حالیہ بارشوں کے سبب سیلابی صورتحال سے متاثرہ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں پانی کی نکاسی اور متاثرہ آبادی کو بنیادی غذائی ضروریات اور طبی دیکھ بھال فراہم کرنے میں مسلسل مصروف ہیں۔بیان کے مطابق پانی نکالنے والی ٹیمیں ضلع جامشورو، گھارو گرڈ سٹیشن، کراچی ساتھ سمیت شارع فیصل اور نیپا چورنگی، لسبیلا، تربت اور کوئٹہ میں فلڈ ریلیف آپریشن کر رہی ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی ٹیموں نے طبی سہولیات فراہم کیں اور امدادی کیمپ قائم کیے اور مقامی رہائشیوں میں خوراک اور راشن تقسیم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اسٹینڈ بائی اور رسپانس ٹیمیں امدادی سرگرمیوں اور سیلاب کی وجہ سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سندھ اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔بیان میں بتایا گیا کہ پاک فوج کے دستوں اور موبائل میڈیکل ٹیموں نے جامشورو، گھارو، کیماڑی اور نیپا چورنگی پر سینکڑوں مقامی لوگوں کو امدادی سامان اور مفت ادویات فراہم کیں۔بیان میں کہا گیا کہ طبی ٹیموں نے کوئٹہ، تربت اور لسبیلا میں ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد کو طبی امداد فراہم کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے