جھاؤ کراس اور قومی شاہراہ پر پھنسے مسافروں کو کھانا اور ضروری سامان فراہم کیا جارہا ہے، سردار بھوتانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ لسبیلہ میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچا دی ہے اب تک 11بسوں میں سوار زائرین کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے جھاؤ کراس اور قومی شاہراہ پر پھنسے مسافروں کو کھانا اور ضروری سامان فراہم کیا جارہا ہے، سیلاب کے بعد امدادی کاروائیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں موسم کی خرابی کے باعث کئی لوگوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کرنے میں دشواری کا سامنا ہے جہاں جہاں ممکن ہے راشن، ٹینٹ، ریلیف کا سامان پہنچا دیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ لسبیلہ کی تاریخ میں اتنی خطرناک سیلابی صورتحال پیدا نہیں ہوئی اب بھی حب کی جانب بہت بڑا سیلابی ریلہ بڑھ رہا ہے قدرتی آفات اللہ کی طرف سے ہیں انہیں روکنا انسان کے بس میں نہیں ہے ہم اپنی ذمہ داری پور ی کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ سے دعا گو ہیں کہ وہ آسانی فرمائے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کر کے انہیں لسبیلہ میں سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا ہے وزیراعلیٰ نے پاک فوج اور ڈائر یکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سے رابطہ کر کے مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ایئر لفٹ کرنے کی ہدایت کی ہے تاہم موسم کی خرابی کے باعث ایئر لفٹ کرنے کا عمل تاخیر کا شکار ہے البتہ جہاں جہاں ممکن ہوا ہے زمینی راستوں کے ذریعے لوگوں کو ریسکیو کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2روز سے 11بسوں میں سوار زائرین سیلابی ریلے کے باعث پھنس گئے تھے جس پر فوری طور پر انہیں خوراک اور ضروری سامان مہیا گیا اب ان زائرین کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس وقت بھی 70سے 80لوگ ایسے ہیں جو مختلف علاقوں میں سیلابی پانی کے باعث پھنسے ہوئے ہیں انشاء اللہ انہیں بھی جلد ریسکیو کر لیا جائے گا، جھاؤ کراس سمیت قومی شاہراہ پرمختلف مقامات پر مسافر سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں کھانا اور ضروری سامان پہنچا دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ لسبیلہ میں سیلابی صورتحال کے باعث بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے متاثرین کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا مشکل مرحلہ ہے تاہم حکومت انکی بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کریگی میں ذاتی طور پر 24گھنٹے صورتحال کا جائزہ لے رہاہوں جہاں بھی ضرورت پڑ رہی ہے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنران، پی ڈی ایم اے کے ذریعے وہاں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے ہمیں عوام کی تکلیف کا احساس ہے اور انکے درد کو شدت سے محسوس کر رہا ہوں ہم اپنی ذمہ داری سے کسی بھی صورت غافل نہیں ہیں عوام کو جتنا ممکن ہوگا ریلیف فراہم کریں گے اس وقت عوام کو ہماری ضرورت ہے اور ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور کوئٹہ میں موسم کی خرابی کے باعث پیر کو کوئٹہ نہیں پہنچ پایا آج منگل کو کوئٹہ پہنچ کر تمام تر صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ریلیف کے کاموں کو مزید تیز کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے