پاکستان اور بلوچستان کے عوام کی تمام تر توقعات پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں، حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام کی تمام تر توقعات پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں، سابق صدر آصف زرداری نے ہر موقع پر ثابت کیا ہے کہ وہ ایک زیرک سیاستدان ہیں گزشتہ چار سالوں میں صوبے اور سریاب کے عوام کی بہتری کے لئے کچھ بھی نہیں کیاگیا، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے سریاب میں ملک جاوید شاہوانی کی اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ عوام جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں کوئٹہ اور سریاب کے عوام کو یہ معلوم ہے کہ پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو انکے مسائل کو حل کرسکتی ہے انہوں نے کہا کہ قوم پرستوں نے منتخب ہونے اور بر سراقتدار آنے کے بعد سریاب کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا عوام کو معلوم ہوگیا ہے کہ قوم پرست در اصل پیٹ پرست ہیں جنہوں نے عوام کے نام پر اپنے ذاتی مفادات حاصل کئے ہیں انہوں نے کہاکہ سریاب کی حالت زار سے عوام پریشان ہیں انکی بہتری کے بجائے جشن سریاب منایا جارہا ہے جشن تب منایا جاتا ہے جب تمام مسائل حل ہو جائیں قوم پرست بتائیں کہ کیا سریاب میں سب اچھا کردیا گیا ہے؟ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ کوئٹہ کے بلدیاتی اور آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور عوام کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریگی انہوں نے پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ وہ پارٹی کی فعالیت کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے