بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سینیٹر ثمینہ ممتاز

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان نہ صرف اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہاں بین الاقوامی اور قومی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع و پرکشش مواقع بھی موجود ہیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے بلوچستان پہلی ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بیش بہا قدرتی خزانوں سے مالا مال کیا ہے اور یہاں دنیا میں پائی جانے والی تمام معدنیات پائی جاتی ہیں اور اللہ تعالیٰ نے اس نعمت سے صرف بلوچستان کو نوازا ہے جہاں دنیا کی بیشتر معدنیات وافر مقدار میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا قومی پیداوار میں اضافے اور روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ہمسایہ ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی کے روشن امکانات ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کو دوسرے صوبوں کے برابر لانے کے وژن پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں اور صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں تیز رفتار ترقی پہلی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں رونما ہونے والی معاشی اور تجارتی تبدیلیوں کے پیش نظر ہمیں صوبے میں فنی اداروں کی فعالیت اور نئی نسل کو جدید مہارتیں سکھانے پر بھرپور توجہ دینا ہوگی تاکہ صنعتی اور تجارتی شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ سی پیک اس خطہ میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے جس سے بلوچستان کو بھرپور فائدہ حاصل ہو گاہمیں سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہونے کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو صحیح طور پر استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ریکوڈک معاہدے سے بلوچستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ اس منصوبے سے چند برسوں میں بلوچستان کے لوگوں کے لئے روزگار کے بے شمارمواقع مہیا ہوں گے اور ساتھ ساتھ بلوچستان کو ملنے والے حصے سے بلوچستان کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر چلنے میں بھرپور مدد ملے گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے وفدکو بتایا کہ بلوچستان کے پاس وسیع و عریض سمندر ہے جس کو استعمال کر کے ایک بڑا زر مبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے اور فشریز سے متعلق امور کو بہتر اور جدید سائنسی طریقوں پر استوار کرنے سے اس شعبہ سے وابستہ افراد کوبہتر مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بھی پرکشش مواقع موجود ہیں جس سے نہ صرف اس شعبہ سے متعلقہ لوگوں کا فائدہ ہو گا بلکہ پاکستان اور بلوچستان کو بھی ایک کثیر زرمبادلہ حاصل ہو گا۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں بہت سے ایسے شعبے ہیں جن میں سرمایہ کاری کے بہترین اور پرکشش مواقع موجود ہیں ان شعبوں میں سرمایہ کاری سے نہ صرف بلوچستان کے مقامی لوگوں کو روزگار میسر ہو گابلکہ پاکستان و بلوچستان میں دیرپا اور تیز رفتار ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے