بارش متاثرین کے لئے نوکروڑ 24 لاکھ روپے کی رقم ریلیزکرنا ایک عوامی حکومت ہونے کا واضح ثبوت ہے، فرح عظیم شاہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے مون سون کی شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے معاوضے کی رقم جاری کرنے پر صوبائی حکومت اور وزیر اعلی بلوچستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی شب و روز کی محنت، لگن اور زمہ داری سے مختصر وقت میں بارش متاثرین اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے نو کروڑ 24 لاکھ روپے کی رقم ریلیز کرنا ایک عوامی اور دردمند حکومت ہونے کا واضح ثبوت ہے۔صوبائی حکومت کسی جان کا بدلہ تو نہیں دے سکتی لیکن یہ معاوضہ متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں کمی کا ذریعہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بارش متاثرین کی ہرممکن امداد و بحالی اور آبادکاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے انتہائی قلیل وقت میں شدید بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لئے معاوضہ ریلیز کرکے ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے جسکو جلد لواحقین میں تقسیم کردیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے اب تک 102اموات ہوئی ہیں۔جن میں 39مرد،30خواتین اور 33بچے شامل ہیں۔جبکہ بارشوں سے صوبے میں 580کلومیٹر روڈ،گیارہ پل اور پانچ ڈیمز کو نقصان پہنچا ہے۔سیلابی ریلوں میں 706مویشی بھی بہہ کر ہلاک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔اور انتظامیہ, پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں متحرک ہیں موجودہ ہنگامی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی تمام تر ذمہ داریاں باخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔حکومت لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی اور امدادی سرگرمیاں کو جاری رکھتے ہوئے ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں متاثرین کو ٹینٹ،راشن اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ بارشوں سے متاثرہ سٹرکوں کی بحالی اور مرمت کے لئے متعلقہ اداروں کو جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔مشکل کی اس گھڑی میں پھنسے افراد کی امداد اور بحالی کے سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
