ملک انتشار کی سیاست کا کسی بھی صورت متحمل نہیں ہوسکتا،بلوچستان عوامی پارٹی

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کی کور کمیٹی نے ملکی اداروں پر تنقید، سیاسی اور معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین اور سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے صبر و تحمل، برداشت اور رواداری سے کام لیں بلوچستان عوامی پارٹی مرکزمیں سیاسی صورتحال کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔اتوار کو بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر و زیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت بلوچستان عوامی پارٹی کی کور کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، قائم مقام گور نر بلوچستان میر جان محمد جمالی، بی اے پی کے جنرل سیکرٹری سینیٹر منظور خان کاکڑ، بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سینئر صوبائی وزیر سردار محمد صالح بھوتانی، صوبائی جنرل سیکرٹری سینئر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، سینیٹر نصیب اللہ بازئی، رکن قومی اسمبلی زبیدہ جلال، صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا شرکاء نے ملکی اداروں کو تنقید، ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا شرکاء کا نے ملک کو درپیش مسائل اور صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاسی جماعتوں اور تمام فریقین کو صبر و تحمل،برداشت اور رواداری ے کام لینے پر زو ر دیتے ہوئے کہا کہ ملک انتشار کی سیاست کا کسی بھی صورت متحمل نہیں ہوسکتا ملکی معاشی حالات میں کسی بھی ایک غلط اقدام کے انتہائی منفی نتائج مرتب ہوسکتے ہیں جس کے اثرات براہ راست ملکی سلامتی و بقاء اور عوام پر پڑ سکتے ہیں ایسی صورتحال میں سیاسی جماعتیں افہما م و تفہیم کے ساتھ کام لیتے ہوئے مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں اور بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جائے بی اے پی کی کور کمیٹی نے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپنی عددی اکثریت کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاسی صورتحال میں بہتری کے لئے کردار ادا کرنے کی بھی پیش کش کی۔کور کمیٹی نے بلوچستان کی سیاسی اور مجموعی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا صوبے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار اور بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پارٹی کی کامیابی کے لئے بھر محنت کرنے کا عہد کیاگیا،شرکاء نے حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال میں ریسکیو اور بحالی سرگرمیوں پر صوبائی اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے صوبائی حکومت اپنے وسائل بروئے کا ر لائیگی اور اس ضمن میں وفاقی حکومت سے معاونت بھی لی جائیگی اجلاس میں بلوچستان کے ترقیاتی امور، پی ایس ڈی پی اور بجٹ کا بھی جائزہ لیا گیا شرکاء نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے تمام علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے متوازن بجٹ پیش کیا ہے جس پر صوبائی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ ملکر عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے تنظیمی امور کا بھی جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کو صوبے میں بھر پور انداز میں فعال اور متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ونگز کی تنظیمیں بھی جلد تشکیل دی جائیں گی۔بعدازاں بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے آج پیر کو اسلام آباد میں بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین سینیٹ اور قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے