بلوچستان یونیورسٹی نے تحقیق اور جدت کو اپنا کر معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنا یا ہے،ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سابق سینیٹر اور سینئر سیاستدان ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی نے تحقیق اور جدت کو اپنا کر معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنا یا ہے جو صوبے کے طالب علموں کو تعلیمی شعبے میں تربیت فراہم کر کے قومی سطح پر مقابلے کے لیے تیار کر رہی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر وائس چانسلر اور دیگر اعلیٰ حکام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر ٹو وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی برائے سندھ و بلوچستان آغا شاہ خالد ڈائر یکٹر سینٹر آف ایکسیلنس برائے ریزلٹ بیسڈ مینجمنٹ ڈاکٹر واحد نور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔سینئر سیاستدان ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کو بتایا گیاکہ یونیورسٹی کے طالبعلموں کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ یونیورسٹی میں فراہم کردہ سہولیات کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے تحقیق اور جدت کے رجحانات کو یونیورسٹی میں متعارف کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔