بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کی رہنما سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان کے تمام متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی اور متاثرین کی داد رسی کے لئے موثر اقدامات کے لئے بلوچستان حکومت کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حکومت متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور اس سلسلے میں این ڈی ایم اور پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ حکام اپنا اپنا کام خوش اسلوبی سے کر رہے ہیں اور دن رات امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کام میں مصرف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں مزید متوقع بارشوں سے نقصانات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کئے جائیں تاکہ مزید جانی و مالی نقصانات سے بچا جاسکے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 17 اضلاع میں وبائی مرض پھیل گئے ہیں۔ ڈائریا اور ہیضہ سے کئی افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔بلوچستان میں مون سون بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں پیٹ اور آنتوں کی بیماریاں بھی پھیل گئی ہیں۔ صوبے کے کئی اضلاع میں دست اور اسہال کی بیماری ڈائریا کی خطرناک شکل کالرا ہیضہ پہلے سے پھیلی ہوئی تھی تاہم بارشوں اور سیلاب کے بعد ان بیماریوں کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔متاثرہ علاقوں میں کوئٹہ، کیچ، ہرنائی، چمن، لورالائی، ڑوب، خضدار، مستونگ اور گوادر شامل ہیں۔اس سلسلے حکومت بلوچستان کی میڈیکل ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان حالیہ مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جلد سے جلد بحالی اور بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثاء کو فوری طور پر معاوضہ کی فراہمی کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بارشوں اور سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کو 20-20 لاکھ روپے معاضہ فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو اور چیف سیکرٹری نے تمام متاثرہ اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزکو بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا مکمل جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے تاکہ متاثرہ لوگوں کی جلد بحالی کو ممکن بنایا جاسکے اورکسی بھی متاثرہ علاقے اور لوگوں کی حق تلفی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ جو اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں انہیں آفت زدہ قرار دے کر فوری طور پر امدادی سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ متاثرین کی بحالی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ حکومت بلوچستان مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی امداد اور جلد بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔