گرین بس سروس سابقہ حکومت کا پروجیکٹ ہے، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے گرین بس سروس کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین بس سروس سابقہ حکومت کا پروجیکٹ ہے جس کے تمام تراقدامات، ٹینڈرنگ، خریداری سابقہ حکومت کے دور میں ہوئی۔اس حوالے سے سابقہ حکومت نے بغیر کوئی پلان بنائے صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے بسوں کے روٹ اور دیگر معاملات میں عجلت سے کام لیتے ہوئے کوئی جامع پالیسی مرتب نہیں کی کہ شہر میں بسوں کوکس طرح چلایا جائے گا، بسوں کو اون کون کرے گا،ٹیکس کا نظام کیسا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گرین بس سروس کی بسیں 29 جون کو کوئٹہ لائی گئیں۔موجودہ حکومت کا عملی طور پر بسوں کو چلانے کے لئے فزبیلٹی اسٹیڈی وغیرہ پر کام جاری ہے اور بہت جلد عوام اس منصوبے سے مستفید ہو سکے گے حکومت بلوچستان جلد بازی اور سیاسی اسکورنگ کے لیے کسی بھی منصوبے کو عوام پر تھوپنے کی قائل نہیں بلکہ تمام تر تیاریوں اور کام مکمل کرکے ان بسوں کو عوام کے لئے چلایا جائے گا تاکہ عوام ان سے بھرپور طریقے سے مستفید ہو سکیں۔ان بسوں کے حوالے سے پچھلی حکومت نے ادھورا کام کیا وگرنا یہ بسیں آج شہر کی سڑکوں پر چلتی نظر آ تیں موجودہ حکومت ان بسوں کو چلانے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے لیکن بعض عناصر اس کو غلط رنگ دے رہے ہیں مگر جلد ہی عوام ان بسوں سے استفادہ حاصل کر سکے گی جوکہ محض تنقید برائے تنقید کرنے والوں کے لیے ایک سبق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبہ مثالی ترقی کی طرف گامزن ہے موجودہ حکومت عوامی مسائل کو نہایت سنجیدگی سے سمجھتے ہوئے ان کے دیرپا حل کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ حالیہ سیلاب ہو یا بارشیں یا بیرون ممالک سے حساس نوعیت کے معاہدے، مخالفین بھی حکومت کو داد دیے بغیر نہیں رہ سکتیں۔انہوں نے بلوچستان حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے بتایا کہ موجودہ حکومت ان تمام مسائل کو حل کرنے کی نہ صرف صلاحیت رکھتی ہے بلکہ اکثر مسائل حل بھی کر چکی ہے۔ڈیمز کے حوالے سے ہونے والے نقصانات مسلسل بارشوں کے باعث ہے مگر حکومت بلوچستان کی کارکردگی ایمرجنسی جیسی صورتحال میں مثالی رہی حکومت بلوچستان کو لا اینڈ آرڈر جیسے مسائل کا بھی سامنا رہا جس پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ حکومت بلوچستان کے ساتھ ساتھ ہماری بہادر افواج بھی ترقی کے اس سفر میں شانہ بشانہ ہیں صوبے میں ایمرجنسی حالات میں حکومت بلوچستان نے نہایت مستعدی سے کام کیا اور وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی بروقت ہدایات پر متاثرین کی ہر ممکن امداد کی گئی صوبے کے طول و عرض میں فری میڈیکل کیمپس لگائے گئے اور حکومت بلوچستان محض نعروں یا باتوں پر یقین نہیں رکھتی بلکہ حقیت خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے