سماج دشمن عناصرکے خلاف انسدادی کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے، میرضیاء لانگو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سماج دشمن عناصر کے خلاف انسدادی کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے ہدایت کی کہ حساس تنصیبات، مذہبی عبادت گاہوں، تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور سماج دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھے جائیں تاکہ تخریب کار امن عامہ خراب کرنے کے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ مشیر داخلہ نے ہدایت کی کہ حالیہ واقعات کے پیش نظر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ کالعدم تنظیموں کی نگرانی کا عمل مزید موثر بنایا جائے۔ مشیر داخلہ نے کہاکہ کالعدم تنظیموں، دہشت گرد اورشدت پسندعناصر سمیت انکے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور نیشنل ایکشن پلان کے وضع کردہ تمام قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ بین االاضلاعی اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر چیکنگ اور نگرانی کا عمل مزید بہتر کیا جائے اورسی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کی ٹیمیں انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائیں۔ میر ضیاء لانگو نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت سمیت بڑے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جائے او رتمام ٹیمیں ہائی الرٹ رہتے ہوئے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سر انجام دیں۔ مشیر داخلہ نے یہ ہدایات صوبے میں امن و امان کی صورتحال بارے اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے سماج دشمن ا ور شدت پسند عناصر کے خلاف ہونے والی کاروائیوں بارے بریفنگ دی جس پر مشیر داخلہ نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور اس سلسلے میں جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ صوبائی مشیر نے کہاکہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار اور خدمات قابل ستائش ہیں، افسران واہلکار اسی جذبے اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھیں او ر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے