بلوچ طلباء خواتین وبچوں کی پرامن ریلی پر طاقت کا استعمال قابل مذمت ہے، نوابزادہ لشکری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سینئر سیاستدان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بلوچ طلباء خواتین وبچوں کی پرامن ریلی پر طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ خواتین و بچوں پرطاقت کا استعمال سیاسی دھوکہ بازوں کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہی۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بلوچ طلباء خواتین وبچوں کے پرامن مظاہرے پر طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو صوبائی و وفاقی حکومتوں میں حصہ دار ہیں بلوچ خواتین بچوں و طلباء پر ریاستی طاقت کے استعمال کا یہ واقعہ ان کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ بدحالی کے ذمہ دار دھوکہ باز سیاست دان اور انتشار کا شکارقومی سیاسی عمل ہے، سالوں سال لوگوں کے مفاد کی بات کرکے انہیں دھوکہ دینے والوں کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حقیقی سیاسی کارکن اپنی سیاسی طاقت کو یکجا کرکے ایک متحد سیاسی عمل کے ذریعے بلوچستان کو درپیش بحرانوں اور بے احترامی سے نکال کربڑے بڑے دعویٰ کرنے والے سیاسی دھوکہ بازوں کو سیاسی عمل کے ذریعے شکست دے کر بلوچستان کے لوگوں کے احساسات سے کھیلنے والوں کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند کردیں تاکہ بلوچستان کی آئندہ نسلیں ایک باعزت وباوقار زندگی گزارئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے