بلوچستان عوامی پارٹی عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے، سردارصالح بھوتانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمدصالح بھوتانی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے پارٹی مختلف زبانیں بولنے والے افراد کاایک خوبصورت گلدستہ ہے،عوام نے پارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انشاء اللہ اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو تاجک ملی اتحاد پاکستان کے صوبائی صدرطاہر خان تاجک کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر محمد داود محمد اشرف تاجک،سینئرنائب صدر،ڈاکٹر عبداللہ مرکزی جنرل سیکرٹری،کمانڈر یونس خان مرکزی صدر یوتھ فورس آف پاکستان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنماشاہ زمان غلزئی، حاجی فوجان بڑیچ،شائستہ خان کاسی،اجمل خان کاکڑ، فرید بگٹی بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر سردارمحمد صالح بھوتانی نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی کیلئے کوشاں ہیں بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ رواں مالی سال کے بجٹ میں تمام حلقوں کو برابری کی بنیاد پر فنڈز فراہم کئے گئے ہیں تاکہ عوام کو انکی د ہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بی اے پی کے قیام کا مقصد بھی یہی تھا کہ صوبے کے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی جائے پارٹی منشور پر عملدرآمد کرتے ہوئے بی اے پی کی مخلوط صوبائی حکومت نے اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کے درمیان تفریق کو ختم کیا تاکہ صوبے کے عوام نے عوامی نمائندوں پر جس اعتماد کا اظہار ہے وہ اس پر پورا اترسکیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کو بلوچستان سمیت پاکستان کی سطح پر فعال اور منظم بنانے کیلئے مرکزی اور صوبائی عہدیداران جدوجہد کر رہے ہیں اورانشاء اللہ بلوچستان عوامی پارٹی آئندہ مزید قوت کے ساتھ سامنے آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے