مقصود چپڑاسی کی موت کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے کا حکم

لاہور(ڈیلی گرین گوادر) اسپیشل کورٹ سنٹرل نے شہباز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔عدالت نے 30 جولائی کو ملزمان وزیراعظم کے بیٹے سلمان شہباز اور دوسرے ملزم طاہر نقوی کی جائیدادوں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے دونوں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزم مقصود چپڑاسی کی موت کا سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ سلمان شہباز اور طاہر نقوی کو اشتہاری قرار دینے کی رپورٹ پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر کیخلاف کارروائی کی جائے، تفتیشی افسر نے فرائض کی انجام دہی میں غفلت پر کوئی وضاحت بھی پیش نہیں کی، ڈائریکٹر ایف آئی اے تفتیشی افسر ندیم اختر کیخلاف کارروائی کر کے رپورٹ پیش کریں، تفتیشی افسر تاخیر سے عدالت پہنچا۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ اشتہاری ملزموں کے اشتہارات اور رپورٹس سمیت پیش ہونے کا حکم تھا مگر تفتیشی صرف اشتہار کیساتھ پیش ہوا، تفتیشی افسر کے رویے سے لگا کہ وہ غیر سنجیدہ ہے۔عدالت نے شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے 30 جولائی کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی حاضری معافی کابینہ اجلاس کے سبب انصاف کے تقاضوں کے مطابق منظور کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے