سیاست، حکومت اور معیشت و معاشرت میں فساد اور تلخیوں کا زہر گھول دیا گیا ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ سیاست، حکومت اور معیشت و معاشرت میں فساد اور تلخیوں کا زہر گھول دیا گیا ہے ریکوڈک رقم بھی عوام کی حالت بدلنے کے بجائے چندبدعنوان مسلط شدہ حکمرانوں واسٹبلشمنٹ کے جیبوں میں چلی جائیگی۔بدعنوانی ختم ہوگی توعوام کی خوشحالی وترقی شروع ہوسکتی ہے۔ غیرسنجیدہ، غیرذمہ دارانہ رویے سیاسی، جمہوری، پارلیمانی عمل کے لیے خطرے کی گھنٹیاں ہیں۔ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی کا مشترکہ ایجنڈا عام آدمی کو دکھ، رنج اور محرومیاں دینا ہیں۔ سیاسی دھڑے، بگڑے اشرافیہ میں انہیں عزت، غیرت، وقار اور اخلاقی قدروں سے کوئی سروکار نہیں۔ اقتدار کی ہوس اور اسٹیبلشمنٹ کو دبا میں لاکر اپنی طرف جھکا میں لانا اِن کا ہدف، ووٹ کو عزت، امریکہ کی غلامی سے نجات کے نعرے سراسر دھوکہ ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام آئندہ الیکشن میں آزمائے ہوئے ناہلوں اور بلوچستان کی تباہی کے ذمہ دار سیاسی آوارہ گردوں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں، جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں۔ ووٹرز انصاف،ترقی وخوشحالی کے نشان ترازو پر مہر لگاکرجماعت اسلامی کاساتھ دیں۔جماعتِ اسلامی ہی بلوچستان کو بحرانوں سے نکالے گی۔ صوبہ بھر میں سالہا سال سے مسلط حکمرانوں کی کارکردگی کو حالیہ بارشوں نے بے نقاب کردیا ہے۔ پورے نظام کی بربادی کے ذمہ دار بے حس نااہل ناکام بدعنوان حکمران ٹولے ہیں۔پی ڈی ایم او رپی ٹی آئی کا مشترکہ ایجنڈا پاکستان کو سیکولر، لبرل، لادین اور مغربی مادر پدر آزاد تہذیب کا گڑھ بنانا ہے۔ پاکستان کو بے اصول، مفاد پرست، اندھی جامد تقلید اور زہریلی پولرائزیشن کے دھڑوں تک محدود رکھنا اِن کا مشترکہ ہدف ہے۔ آئین، جمہوری اقدار، پارلیمانی روایات اور اسلامی قوانین کو بے جان کرنا، سود، قرضوں اور کرپشن کی لعنت کو مسلط رکھنے کے لیے عمران خان، شہباز شریف، بلاول بھٹو واے پی ڈی ایم جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ اختلاف صرف اقتدار کی کرسی حاصل کرنے کا ہے۔ اگر یہ قیادتیں مخلص ہیں تو انتخابی اصلاحات، آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات، ہر استعماری قوت سے نجات کے لیے قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ کریں۔