عید کے دنوں میں 4 ہزار ٹن کچرے کی پیداوار 5200 ٹن الائشیں اٹھاکر ٹھکانے لگائیں،ایڈ منسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایڈ منسٹر یٹر میٹرو پولیٹن کار پو ریشن کوئٹہ جبار بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے نے وسائل کی کمی ہو نے کے باجود عید کے تینوں دنوں میں 4000ٹن کچرہ اور الائشیں اٹھاکر ٹھکانے لگائیں شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے تاجر اور عوام کو چاہئے کہ وہ عملے کے ساتھ تعاون کریں، کوئٹہ شہر میں 34بڑے نالوں کا ڈرون کے ذریعے سروے کیا گیا ہے جس سے نالوں کو ڈیجیٹیلائز کیا جائے گاجبکہ بڑے نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا، بلڈنگ کورٹ کی خلاف ورزی کر نے پر 25سے زائد ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔اس موقع پر سی ایم او محمدعلی ساتکزئی،عبدالحق بلوچ، انورلہڑی،سرور زہری، سعدی خان کاکڑ،بلال خان اوردیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ 2015-16کے بعد صفائی پر تو جہ نہ دینے کی وجہ سے شہر میں 47پوائنٹس پر بارش کا پانی جمع ہو گیا تھاجسے نکالنے کیلئے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے نے چوبیس گھنٹے کام کیا اسوقت کوئٹہ شہر میں 34بڑے نالے موجود ہیں جن کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہورہی تھی صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایت پر ان نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا گیا ہے جو انشاء اللہ جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اسوقت کوئٹہ شہر میں 34نالے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور 15نالے محکمہ ایری گیشن کے پاس ہیں نالوں پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں 34نالوں کا ڈرون کیمرے کے ذریعے سروے کیا گیا ہے جس مقاصد نالوں پر تجاوزات کو روکنا اورپانی کی روانی کو برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے تین دنوں کے دوران 4ہزار ٹن سے زائد کچرہ اٹھایا گیا ہے جس میں 2500ٹن قربانی کے جانوں کی الائشیں تھیں اس آپریشن میں کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 1200سے زائد عملے نے 150 گاڑیوں کے ذریعے حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ میڑو کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ویب سائٹ اور پورٹل شروع کرینگے شہر کی خوبصورتی کا منصوبہ بھی زیر غور ہے شہر کو آلودگی سے بچانے کیلئے زرغون روڈ سے شجرکاری اور درختوں کی دیکھ بال شروع کرینگے، انہوں نے کہاکہ دکانی بابامزار،لانگوآباد، مینگل آباد، شریف آباد سمیت دیگر علا قوں میں صفائی کا کام ایک حد تک مکمل کر لیا گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں جباربلوچ نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ریکارڈ،لائبریری اور نالوں کو ڈیجیٹیلائز کیا جارہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال کیا جائے تو صفائی کی صورتحال بہتر ہوسکتی ہے،نالوں کی صفائی کے دوران نکاسی آب کے نالوں سے مردہ جانور،قالین اور بوریوں میں کچرہ تک نکالا گیا ہے،پلاسٹک شاپروں کے استعمال پر پابندی کے باوجوداسکی دستیابی موجود ہے اگر پلاسٹک بند ہوجائے توصفائی کی صورتحال میں بہتر آسکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نالوں پر قائم تجاوزات کا سروے کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں کمیٹی کام کررہی ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں روزانہ 1600ٹن کچرہ پیدا ہوتا ہے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پاس 700ٹن کچرہ اٹھانے کی گنجائش ہے۔ایک سوال کے جواب میں جبار بلوچ نے کہا کہ سرکلر روڈ پر واقع پارکنگ پلازہ کو مکمل طورپر فعال کیا جائے گا تاکہ آس پاس کے علاقوں میں پارکنگ کا مسئلہ حل ہوسکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی،تعمیراتی سامان سڑکوں پر پھیلانے والوں کے خلاف 25 مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے