پنجاب میں ضمنی انتخابات، امن و امان کیلئے رینجرز اور ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں امن وامان کیلئے رینجرز اور ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت ضمنی انتخابات میں امن وامان سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیرداخلہ پنجاب عطااللہ تارڑ، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پولیس پنجاب اوراعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان کیلئے رینجرز اور ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ پنجاب اور سندھ کے ضمنی انتخابات کے تمام حلقوں میں آتشیں اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اور آتشیں اسلحہ کی پابندی کے احکامات کی خلاف ورزی پرفوری گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں آتشیں اسلحہ احکامات کی خلاف ورزی پر اسلحہ ضبطگی اورلائسنس منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر شرپسند عناصر کی ضمنی انتخابات کے حلقوں میں داخلے پرپابندی ہوگی۔اجلاس میں گجرات سے لاہور لائے گئے 300 اسلحہ بردار افراد سے متعلق رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا اور ایسے مسلح افراد کے امن وامان پراثر انداز ہونے کے باعث پیشگی اقدامات لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ وزارتِ داخلہ میں 16 اور17 جولائی کیلئے خصوصی کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
اس حوالے سے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ امن وامان کی صورتحال یقینی بنانا ہماری قومی ذمہ داری ہے اور ضمنی انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سول آرمڈ فورسز امن وامان کیلئے سندھ اور پنجاب حکومت کی مکمل معاونت کریں گی، پنجاب کے 6 انتہائی احساس حلقوں میں سکیورٹی کی اضافی نفری تعینات ہوگی، ان حلقوں میں لاہور کے 4، بھکر اور ملتان کا ایک ایک حلقہ شامل ہے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ کسی شخص کو اسلحہ کی نمائش یا ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انتخابی حلقوں میں شرپسند عناصراوراسلحہ بردارافراد کی موجودگی کسی صورت قبول نہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ دوسرے صوبوں سے لائے گئے شر پسند عناصر پرکڑی نظررکھی جائے اور گجرات سے لائے گئے 300 مسلح افراد سے متعلق بھی پیشگی اقدامات کیے جائیں۔خیال رہے کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہوں گے، یہ نشستیں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے ڈی سیٹ ہونے پر خالی ہوئی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے