وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے بارش سے متاثرہ اضلاع میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جارہاہے،فرح عظیم شاہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے بارش سے متاثرہ اضلاع میں محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جارہاہے۔تاکہ متاثرین کو ہیضہ اور دیگر متعدی بیماریوں سے بچایا جاسکے۔اس سلسلے میں صوبائی سیکرٹری صحت صالح محمد ناصر کی نگرانی میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز اور بارش کے متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کررہی ہیں جہاں پر بیمار افراد کا چیک اپ،علاج ومعالجے اور مفت ادویات کی فراہمی جاری ہے دوسری جانب دور دراز کے علاقوں میں لوگوں تک رسائی کے لیے موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دیکر انہیں متحرک رکھا گیا ہے تاکہ موقع پر لوگوں کو علاج ومعالجہ کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی جاسکے کیونکہ بارشوں کی وجہ سے پینے کے پانی کے مختلف ذرائع آلودہ ہوچکے ہیں جن سے مختلف بیماریاں پیدا ہوسکتی ہیں اور اکثر اضلاع سے ہیضہ اور دیگر بیماریوں کی شکایت ملی ہے جس پر وزیراعلی بلوچستان نے صوبائی سیکرٹری صحت کو ان اضلاع میں میڈیکل کیمپس اور ادویات کی فراہمی کے لیے احکامات جاری کئے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام متاثرہ اضلاع میں خصوصی طور پر ادویات کی موجودگی اور اسٹاک میں اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ بوقت ضرورت کام میں لایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت سے متعلق سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور موجودہ ہنگامی صورتحال میں عوام کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوئی کسر چھوڑی نہیں رکھی جائے گی۔