ملکی استحکام اور امن کو چیلنج کرنے والوں کو انکے انجام تک پہنچایا جائے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے مانگی ڈیم اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردوں اور انکے ٹھکانوں پر سیکیورٹی فورسز کے جاری کامیاب آپریشن میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یقین ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردو ں اور انکے ٹھکانوں کا جلد مکمل خاتمہ اور دیرپا امن قائم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام اور امن کو چیلنج کرنے والوں کو انکے انجام تک پہنچایا جائے گابلوچستان کے عوام اپنی افواج کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے حوالدار محمد خان کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ شہید نے مادر وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا۔انہو ں نے شہید کے خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے۔