سندھ کے مختلف شہروں میں پشتون تاجروں، دکانداروں اور ٹرانسپورٹروں کے املاک کو جلانے کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں قرار داد جمع
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان اسمبلی میں پشتونخوامیپ کے رکن اسمبلی نصراللہ زیرے نے حیدرآباد کے ایک ہوٹل میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعدصوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں پشتون تاجروں، دکانداروں اور ٹرانسپورٹروں کے املاک کو جلانے لوٹنے کے واقعات کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں سیکرٹریٹ میں قرار داد جمع کرادی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ 12 جولائی 2022ء کو حیدرآباد سندھ کے ایک ہوٹل میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ، لاڑکانہ کشمور و دیگر شہروں میں پشتون تاجروں، دکانداروں اور ٹرانسپورٹروں کے املاک کو جلانے ولوٹنے کے واقعات مسلسل ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ہر پشتون سرومال کے تحفظ کے سنگین مسئلے سے دوچار ہے ان حالات میں وفاقی حکومت بالعموم اور سندھ کی صوبائی حکومت کی باالخصوص یہ اولین فریضہ ہے کہ ملکی آئین و قانون کے تحت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے موثر اور جامع اقدامات اٹھائے تاکہ پشتون عوام ملک بھر باالخصوص سندھ میں پرامن زندگی گزار سکیں۔