سرگودھا میں معمولی جھگڑے کے دوران فائرنگ، 3 بھائی جاں بحق، 2 زخمی
سرگودھا(ڈیلی گرین گوادر) پنجاب کے ضلع سرگودھا میں معمولی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 3 بھائی جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ سرگودھا کی تحصیل بھیرہ کے نواحی علاقے ہاتھی ونڈ میں معمولی جھگڑے پر مسلح افراد نے فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد اسلم، نواز اور شاہد عمران کے نام سے ہوئی۔
واقعے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس کے مطابق بچوں کے مابین شروع ہونے والا معمولی جھگڑا مسلح تصادم کی صورت اختیار کر گیا۔ فائرنگ میں تینوں جاں بحق ہونے والے اور زخمی آپس میں بھائی ہیں۔ ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ڈی پی او سرگودھا بلال ظفر شیخ کے مطابق کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیموں کی مدد سے تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔