عید الاضحی مسلمانوں میں قربانی،انصاف، رواداری،مساوات،تحمل مزاجی اور ایثار کا جذبہ پیدا کرتا ہے،میر چنگیز جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے نے پوری امت مسلمہ اور اہل ِ وطن کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر جہاں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہیں وہیں عید کا یہ پر مسرت موقع پرمسلمانوں میں قربانی،انصاف، رواداری،مساوات،تحمل مزاجی اور ایثار کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع دراصل ایک عظیم قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے اور اس امر کا متقاضی ہے کہ انسانیت کے جذبے کو پروان چڑھانے کے لئے صبر، استقامت، ایثار اور قربانی کا جذبہ ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی تعمیر اور تشکیل میں قربانی، صبر اور استقامت ان کے عروج اور ترقی کا ضامن بنتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ خوشیوں کے اس تہوار میں غرباء، مساکین اور معاشرے کے نادار افراد کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ انہیں بھی اس تہوار پر خوشیاں میسر ہوں۔ انہوں نیے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کی عبادات میں ملک اور صوبے میں امن واستحکام اور ترقی کی خصوصی دعائیں مانگیں۔