تمام فیلڈافسران بارشوں سے متاثرہ علاقوں کو بجلی کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائیں،چیف ایگزیکٹوکیسکو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) شدیدطوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بجلی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں اور فیلڈافسران مشکل کی اس گھڑی میں صارفین کی مشکلات کومدنظررکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پرجلد ازجلد بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں ان خیالات کااظہارچیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی نے مون سون بارشوں سے بجلی کی صورتحال سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کیسکوکے چیف انجینئر (آپریشن ڈائریکٹر)شوکت علی جوگیزئی، چیف انجینئر (ٹی اینڈجی) سمیع اللہ، چیف انجینئر (اواینڈایم) اقبال بڑیچ، چیف انجینئر (پلاننگ) محمدنعیم کاکڑ،پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن کلیم اللہ جوگیزئی سمیت کیسکوکے سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور متعلقہ سینئر افسران شریک تھے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ بجلی بحالی کے کاموں کے دوران حفاظتی پالیسی پر سختی سے عمل درآمدیقینی بنائیں لائن اسٹاف اپنی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح د ے کرصارفین کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔کیسکوچیف نے بارش کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام آپریشن افسران اور اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔انہوں نے فیلڈافسران کو ہدایت کی کہ کچھ علاقوں میں جلے ہوئے ٹرانسفارمرزکی دوبارہ تنصیب اور مرمت کاکام بھی جلد مکمل کیاجائے نیز جن علاقوں میں بجلی کے کھمبے گرگئے ہیں وہاں پر بھی متاثرہ کھمبوں کی دوبارہ تنصیب اور بجلی بحالی کاعمل تیز کیاجائے۔انجینئرعبدالکریم جمالی نے کہاکہ کیسکوکاشعبہ کنسٹرکشن (آرای ڈی)بھی فیلڈآپریشن عملہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے کھمبوں کی دوبارہ تنصیب اور ڈسٹری بیوشن لائن کی مرمت وبحالی کے کام کو جلد ازجلد مکمل کریں تاکہ صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہوسکے۔ قبل ازیں کیسکوآپریشن سرکل کے تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز نے بذریعہ ویڈیولنک اپنے اپنے سرکلز کی کارکردگی سے متعلق کیسکوکے سربراہ کو بریفنگ دی اور بارشوں کے دوران بجلی کی صورتحال کے بارے میں چیف ایگزیکٹوآفیسرکو آگاہ کیا۔