بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے عوام آج بھی کھلے آسمان تلے بے یارومدد گارپڑے ہوئے ہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث کوئٹہ سمیت صوبے میں بھر میں ہونیوالے انسانی جانوں اور املاک کے ضیاع ہونے کے واقعات پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونیوالوں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں ہنہ اوڑک، سرہ غوڑگئی،عالمو، کچلاغ، غبرگ، غوث آباد، تختانی بائی پاس،سریاب اور قلعہ سیف اللہ،ژوب، شیرانی، توبہ اچکزئی، چمن، قلعہ عبداللہ، زیارت، سنجاوی،دکی،پشین، خانوزئی،رود ملازئی،برشور،لورالائی، ہرنائی، سبی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں سینکڑوں مکانات کے منہدم ہونے، مال مویشیوں کے بہہ جانے اور ہلاکتیں اور انسانی جانوں کے ضیاع کے واقعات پیش آئے لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ صوبائی حکومت اور اس کے متعلقہ اداروں کی جانب مون سون بارشوں اور اس کے باعث درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کے بیانات صرف اخبار کی شہ سرخیوں تک ہی محدود رہے۔ جبکہ متاثرہ علاقوں کے عوام آج بھی کھلے آسمان تلے بے یار ومددگار پڑے ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اب ضروری امر یہ ہے کہ سیلابی ریلوں کی راہ میں بننے والی ہر قسم کی رکاوٹوں کو ختم کرتے ہوئے اس پر آئندہ کیلئے مزید قبضے، مکانات ودکانوں کی تعمیر کو روکا جائے تاکہ مستقبل میں ہونیوالی تباہ کاریوں سے بچا جاسکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع وعلاقوں میں ڈیمز میں پانی بھر جانے اور بعض مقامات پر ڈیمز کمزور ہونے کے باعث شگاف پڑنے لگے ہیں محکمہ ایریگشن ہنگامی بنیادوں پر مذکورہ ڈیمز، پانی اور آبادی کے علاقوں کی بچاؤ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ بیان میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ تمام جاں بحق ہونیوالے افراد اور زخمیوں کے خاندانوں اور تباہ ہونیوالے مکانات کے متاثرین کی ہر سطح پر فوری طور پر مدد وتعاون کریں اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے انہیں تمام تر علاج ومعالجے کی سہولیات فراہم کریں۔