عمران خان سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے غریب ممالک سے سرمائے کی ترسیل کے تدارک کی ضرورت پر زور دیا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ سرمائے کی غیر قانونی ترسیل ترقی پذیر ممالک کا بڑا مسئلہ ہے، دولت کی اس غیر قانونی ترسیل سے عالمی سطح پر معاشی ناہمواریوں کو فروغ ملتا ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا فیکٹائی پینل اپنی رپورٹ میں اس معاملے کی نزاکت اجاگر کرچکا ہے، سرمائے کی یہ غیر قانونی ترسیل غریب ممالک کے باشندوں میں ہجرت کے رجحان کو ابھارتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف کا تقاضا ہے کہ عالمی سطح پر منی لانڈرنگ کے مؤثر انسداد کیلئے حکومتیں اقدامات اٹھائیں، برطانوی حکومت اس باب میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ملاقات کے موقع پر مرکزی سینئر نائب صدر پی ٹی آئی فواد چودھری اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی بھی موجود تھے۔