اسلام آباد،راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے ڈوب گئے
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)مون سون کا طاقتور اسپیل جاری ہے، اسلام آباد ،راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
سیکٹر ایچ 13 پانی میں ڈوب گیا، متعدد گاڑیاں پھنس گئیں، راولپنڈی میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں، پانی گھروں میں داخل ہو گیا، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی۔مری، وزیرآباد، گجرات سیالکوٹ اور دیگرشہروں میں بادل برس پڑے، کراچی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے اکثر علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کردی، بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے، کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔