الیکشن کمیشن خواتین کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے،عبدالواحد بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) انتخابی عمل میں خواتین کی شرکت ناگزیر ہے الیکشن کمیشن خواتین کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے ان خیالات اظہار صوبائی جوائنٹ الیکشن کمشنر بلوچستان عبدالواحد بلوچ نے کوئٹہ پریس کلب میں الیکشن کمیشن اور غیرسرکاری تنظیم شرکت گاہ کے اشتراک سے منعقدہ ”ووٹرایجوکیشن اورشناختی کارڈکی اہمیت“ کے موضوع پر دوروزہ آگاہی سیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آئینی ادارہ ہے اورملک میں جمہوری نظام کو چلانے میں اس کاکلیدی کردارہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نادراکیساتھ معاہدہ کیاہے جس کے تحت مختلف علاقوں میں موبائل رجسٹریشن وین بھجواکرخواتین کے شناختی کارڈبنائے جاررہے ہیں انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں خواتین کی شرکت کویقینی بنانے کیلئے لازمی قوانین بنائے گئے ہیں جس کے مطابق جس حلقے میں خواتین کی طرف سے ڈالے گئے ووٹوں کاتناسب10فیصدسے کم ہوگا وہاں کے نتائج روک کردوبارہ پولنگ کرائی جائیگی، خواتین کیلئے صوبہ بھرمیں الگ پولنگ اسٹیشن بھی بنائے جاتے ہیں تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ ووٹ کاسٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی یقین رکھتا ہے اور اس کے لیئے مختلف اقدامات لیئے جا رہے ہیں تاکہ ہم دور حاضر کی ضروریات کے مطابق لوگوں کو ووٹ کا حق دینے میں مدد کر سکیں ڈائریکٹرشرکت گاہ وویمن ریسورس سینٹراحمدرضانے شرکاء کو ووٹ کی اہمیت اورخواتین کے شناختی کارڈبنانے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے دیگرشہروں میں خواتین کو وراثت کے حق سے محروم رکھنے کیلئے خواتین کے شناختی کارڈنہیں بنائے جاتے، بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے جہاں خواتین کو مشکلات درپیش ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں 90 فیصد سے زائد تعلیم یافتہ مرد اور خواتین بیروزگاری کی وجہ سے محنت سخت مشقت کرنے پر مجبور ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ عوام کا ووٹ کاسٹ نہ کرنا ہے جس سے میرٹ کی پامالی ہو رہی ہے،اگراچھے نمائندے آئیں گے تومسائل کا حل ممکن ہے،اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر (جینڈر) الیکشن کمیشن محمد ارسلان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈمن) الیکشن کمیشن مدیحہ سلیم نے بھی خطاب کیا آگاہی سیشن میں مقررین نے شرکاء کے سوالات کے جواب بھی دیئے۔ دو روزہ پروقار تقریب میں سول سوسائٹی، صحافی اور ٹرینس جینڈر کے متحرک سماجی کارکنان سمیت زندگی کے مختلف شعبے سے تعلق رکھنے مرداورخواتین سمیت سماجی کارکنان نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹرشرکت گاہ وومن ریسورس سینٹراحمدرضا خان نے شرکاء، تمام سی بی اوز، صحافی، صوبائی جوائنٹ الیکشن کمشنر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر جینڈر کاشکریہ اداکیا۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹرشرکت احمد رضا، پروگرام آفیسر سیما بتول اور ایڈمنسٹریشن آفیسر انور بلوچ نے مہمانان گرامی میں شیلڈز تقسیم کئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے