وزیراعلیٰ پنجاب کا دوبارہ انتخاب 22 جولائی کو ہوگا،سپریم کورٹ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا دوبارہ انتخاب 22 جولائی کو ہوگا۔ تین ماہ کا بحران ہم نے تین سیشنز میں حل کردیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حکومتی بنچز اپوزیشن کا احترام کریں۔ قومی اسمبلی میں بھی اپوزیشن نہ ہونے سے بہت نقصان ہوا ہے۔ عدالتی فیصلے پر پرویز الٰہی اور حمزہ شہباز نے اتفاق کر لیا۔
قبل ازیں سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کو دو آپشن دیے تھے کہ دن میں دوبارہ انتخاب پر مان جائیں یا پھر حمزہ شہباز کو 17 جولائی تک وزیر اعلیٰ تسلیم کرلیں۔ جس پر پی ٹی آئی کے وکیل کو عدالت نے پارٹی قیادت سے مشاورت کے لیے وقت دیا جب کہ دوران سماعت تحریک انصاف اور وزارت اعلیٰ کے امیدوار پرویز الٰہی کے مؤقف میں اختلاف پایا گیا۔عدالت نے فریقین سے کہا کہ اگر دونوں باہمی رضامند نہ ہوئے تو قانونی فیصلہ دیں گے، جس سے دونوں کو نقصان ہوگا۔ بعد ازاں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے حمزہ شہباز کو دوبارہ انتخاب تک وزیر اعلیٰ پنجاب کے طور پر قبول کرلیا۔