گوادر کیلیے 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن سمیت 34.8 ارب کے 13 منصوبے منظور

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے جیوانی سے گوادر تک 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی منظوری دے دی۔سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس سیکریٹری پلاننگ سید ظفر علی شاہ کی صدارت میں ہوا جس میں گوادر کے لیے 132 کے وی لائن سمیت 34.8 ارب روپے کے 13 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ 132 کے وی کے دوسرے سرکٹ اسٹرنگنگ، جیوانی سے گوادر 94 کلومیٹر تک ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کا منصوبہ 2322.940 ملین روپے سے مکمل کیا جائے گا۔

مالی سال-23 2022 کے بجٹ میں حکومت نے پاور سیکٹر میں مختلف جاری اور نئی اسکیموں کے لیے 83,101.262 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ گوادر ایران سے درآمد شدہ بجلی پر انحصار کرتا ہے اور 132 کے وی لائن کی تعمیر سے ساحلی شہر پہلی بار نیشنل گرڈ سے منسلک ہو جائے گا۔ رواں ماہ کے شروع میں پاکستان اور ایران نے گوادر کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اضافی 100 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ جمعہ کو اپنے دورہ گوادر کے دوران کہا تھا کہ ایران سے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بجلی درآمد کرنے کے لیے ٹھیکیدار کو 15 دن کے اندر اندر متحرک کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے