بعض اوقات فنی خرابی کی درستگی میں کافی وقت لگ جاتاہے جس کی وجہ سے متعلقہ علاقے کے صارفین کو مشکلات کاسامناکرناپڑتا ہے،ترجمان کیسکو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ گزشتہ روز نیو جان محمدفیڈر فنی خرابی کی وجہ سے بند رہا جس کے بعد کیسکواسٹاف نے فنی خرابی دور کرنے کے لئے پیٹرولنگ شروع کی تاہم رات 9بجے تک نیو جان محمدفیڈرکی فنی خرابی درست نہ ہوسکی۔ ترجمان نے کہاکہ بعد ازاں کیسکواسٹاف نے صارفین کی مشکلات کومدنظررکھتے ہوئے نیو جان محمد فیڈرکاکچھ حصہ اولڈجان محمد فیڈرجبکہ کچھ حصہ سورج گنج بازار کے ساتھ منسلک کرکے رات گئے متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کردی۔ ترجمان نے مزید کہاکہ منگل کے روز کیسکواسٹاف نے دوبارہ پیٹرولنگ شروع کی اور اسٹیورٹ روڈ، کواری روڈ،سلیم کمپلیکس کے علاقوں میں فیڈرکے مختلف جگہوں پر کھمبوں کے ڈسک اور پن انسولیٹر ز کی تبدیلی اور مرمت کاکام شروع کیااور شام 4بجے تک نئے ڈسک اور پن انسولیٹرزکی تبدیلی ومرمت کاعمل مکمل کرکے نیو جان محمد فیڈرکی بجلی بحال کردی۔ ترجمان نے مزید کہاکہ بعض اوقات فنی خرابی کی درستگی میں کافی وقت لگ جاتاہے جس کی وجہ سے متعلقہ علاقے کے صارفین کو مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے اور گزشتہ روز اس فیڈرسے منسلک صارفین کو بھی بجلی بندش کے باعث کافی مشکلات کاسامناکرناپڑاجس کے لئے کیسکو نے متعلقہ صارفین سے زحمت کے لئے معذرت کی ہے اور بجلی بند ش کے دوران کیسکو کے ساتھ تعاون کرنے پر مذکورہ تمام صارفین کاشکریہ بھی اداکیاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے