انسداد دہشتگردی عدالت، ذوالفقار مرزا کے 6 ساتھی عدم ثبوت کی بنا پر بری
کراچی (ڈیلی گرین گوادر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کار سرکار میں مداخلت اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات سے ذولفقار مرزا کے 6 ساتھیوں کو بری کردیا۔عدالت نے سابق صوبائی وزیر داخلہ کے ساتھیوں کے خلاف 2 مقدمات کا فیصلہ عدم شواہد کی بنیاد پر سنایا۔ ملزمان میں عاشق علی، عبد المجید، ہارون، نبی بخش، ریاض و دیگر شامل ہیں۔
دوران سماعت ملزمان کے وکیل اشرف سموں نے مؤقف اپنایا کہ تمام گارڈز سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر ذوالفقار مرزا کی سکیورٹی پر تعینات تھے۔ اس واقعے سے متعلق سابق آئی جی سندھ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سندھ ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف پریڈی تھانے میں2015 میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج تھے۔ ملزمان ذوالفقار مرزا کی سکیورٹی پر مامور تھے، جن پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور کار سرکار میں مداخلت کا الزام تھا۔ ملزمان کو ذوالفقار مرزا کی رہائش گاہ ڈیفنس فیز 8 سے گرفتار کیا گیا تھا۔