پی ٹی وی پر ڈاکہ ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی اور سزا دیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے لیے آسان راستہ تھا الزام لگاتے اور ان کو جیلوں میں ڈال کر بھول جاتے۔ پی ٹی وی پر ڈاکہ ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی اور جرم کے مطابق سزا دیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی اسپورٹس ریونیو دیتا ہے اور بجلی بلوں میں لائسنس پر 35 روپے آتے ہیں تو پی ٹی وی چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب عمران خان کا دھرنا ہوا تو پی ٹی وی میں گھس کر مبارک دی گئی اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں کو عمران خان نے شاباشی دی۔ عمران خان کے وعدوں کی کوئی عملی شکل عوام کے سامنے موجود نہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں آئی تب دعوے تو کیے گئے لیکن عملی شکل سامنے نہ آئی۔ ماضی میں پی ٹی وی اور ریڈیو کو نیلام کرنے کا اعلان ہوا۔ حکومت آئی تو پی ٹی وی اسپورٹس نے معاہدہ سائن کیا اور سابق دور میں پی ٹی وی اسپورٹس رائٹس پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ 22 اپریل کو ہم نے معاہدے سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی۔
انہوں نے کہا کہ 16 ستمبر 2021 تک کرکٹ رائٹس پی ٹی وی کے پاس تھے لیکن پھر پی ٹی وی کے حقوق کسی اور چینل کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پی ٹی وی پاکستان کی قومی شناخت کا ادارہ ہے۔ پی ٹی آئی حکومت میں کہا گیا کہ پی ٹی وی اور ریڈیو کو بی بی سی ماڈل پر اسمارٹ نیشنل براڈ کاسٹر بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آسان راستہ تھا پریس ٹاک کر کے الزام لگاتے اور انہیں جیلوں میں ڈال کر بھول جاتے کیونکہ سابق دور میں پی ٹی وی کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کے نتائج آج پی ٹی وی بھگت رہا ہے۔ پی ٹی وی اور ایم گروپ، اے آر وائے کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہوئے اور اس معاہدے کے تحت پی ٹی وی اسپورٹس کرکٹ رائٹس کو ایکوائر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ اس کام کے لیے ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں اور پی ٹی وی وہ ادارہ ہے جس کا 100 فیصد شیئر حکومت پاکستان اون کرتی ہے۔ پی ٹی وی اسپورٹس پی ٹی وی بورڈ کے پاس گیا اور کہا کہ ہم تباہ گئے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2018 میں معیشت کو بھی پی ٹی آئی نے بری طرح تباہ کیا جبکہ سابق حکومت پی ٹی وی کو نیلام کرنے جا رہی تھی اور اظہار دلچسپی کا اشتہار ایک اخبار میں 10 اگست 2021 کو شائع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ شپ کے حوالے سے چیزیں شامل کی گئیں اور منصوبے کے تحت بڈز طلب کی جاتی ہیں۔ پی ٹی وی کا معاشی قتل کیا گیا، غیر قانونی ڈیل میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق سزا دیں گے اور پی ٹی وی کو اس کے حقوق لے کر دیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بولی میں زیادہ نمبر لینے والے ادارے کے برعکس اے آر وائے کے ساتھ معاہدہ کیا گیا لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑا تاہم وہ اسکرین کیوں ریاست اور اپوزیشن کے خلاف پراپیگنڈہ کر رہی ہے۔ یہ پورا منصوبہ تیار کیا گیا اور اے آر وائی کو خریدا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کا منہ، آنکھیں کاٹ دیئے گئے، صادق اور امین گریبانوں میں دیکھیں۔ عمران خان اے آر وائے کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور من پسند کمپنی نےایچ ڈی آلات اور کیمرے کرائے پر منگوا کر پی ٹی وی کو دیئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمیں کہا گیا محکمہ جاتی سزائیں دے دیں لیکن ڈاکے کی ایسی سزائیں نہیں ہوتیں۔ ایف آئی اے کو کوائف دے دیئے گئے ہیں کیونکہ یہ غیر قانونی ڈیل ہے اور مکمل تفصیل ہم پیر کو جمع کرا دیں گے۔ بطور چیف ایگزیکٹو غیر قانونی ڈیل کو ختم کرنے کا حق رکھتی ہوں۔