نیب ترامیم پر عمران خان کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے،اعظم نذیر تارڑ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے عمران خان کی نیوز کانفرنس کے دوران نیب سے متعلق بیان کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو معاشی بحران میں دھکیلنے میں سابق وزیراعظم اور ان کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والی نیب بھی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب میں جو ترامیم ہیں وہ عمران خان کا اپنا قانون تھا اور 80 فیصد ترامیم ان کی لائی ہوئی ہیں یہ وہ 80 فیصد ترامیم ہیں جو انہوں نے اپنے دور اقتدار میں آرڈیننس کے ذریعے نافذ کی تھیں۔ ہماری حکومت نے ترامیم کو پارلیمنٹ میں لے جاکر قانون کی شکل دی ہے، ترامیم آئین اور قانون کے عین مطابق ہیں، عمران خان اس معاملے پر عدالت سے رجوع کرچکے ہیں لہٰذا اس معاملے پر سیاسی بیان بازی سے اجتناب کریں اور فیصلہ عدالت پر چھوڑیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ترامیم اسلامی شریعت، آئین اور پاکستانی قوانین کے عین مطابق ہیں، عمران خان نے ملک کو تباہی میں دھکیل دیا تھا، ہم نے سرکاری ملازمین کو تحفظ دیا ہے تاکہ وہ نیب کی بلیک میلنگ کے بغیر ملک کی خدمت کرسکیں۔