سفارش و رشوت کے بغیر گولڈ میڈلسٹ کو بھی نوکری نہیں ملتی،سراج الحق
رحیم یار خان(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سفارش و رشوت کے بغیر گولڈ میڈلسٹ کو بھی نوکری نہیں ملتی۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے رحیم یار خان ریلوے اسٹیشن سے ٹرین مارچ کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہر کی کمپنیوں سے مہنگے داموں معاہدے کر کے ملک کو تباہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں 62 فیصد پانی ضائع ہو رہا ہے جبکہ پاکستان سب سے زیادہ گندم اور چاول پیدا کرنے والا ملک ہے اور آج بھی 5 فیصد زمیندار 65 فیصد زمین پر قابض ہے۔ چاروں طرف بے روزگاری اور اندھیر نگری ہے۔ یہاں تو سفارش و رشوت کے بغیر گولڈ میڈلسٹ کو بھی نوکری نہیں ملتی۔
سراج الحق نے کہا کہ عمران خان نے کراچی کو 11 سو ارب روپے دینے کا اعلان کیا تھا لیکن 11 روپے تک نہیں دیئے اور جنوبی پنجاب صوبے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کشمیر بھارت اور اسٹیٹ بینک عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے حوالے کر دیا۔