ہم بلوچستان نیشنل پارٹی کے ساتھ مزید سیاسی سفر کو جاری نہیں رکھ سکتے ہیں،کفایت اللہ بلوچ
.پنجگور(ڈیلی گرین گوادر)پنجگور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سابق ضلعی صدر کفایت اللہ بلوچ، سابق ضلعی صدر علی احمد، سابق ضلعی جنرل سیکریٹری راشد لطیف بلوچ،سابق تحصیل صدر محمد جان بلوچ، سابق ضلعی انفارمیشن سیکریٹری زبیر ایوب بلوچ، یعقوب راہی، عطاء اللہ بلوچ،استاد رضا بلوچ ضلع بھر سے بی این پی کے کل 41 اکتالیس یونٹس کے عہدداران کارکنان سمیت ہزاروں افراد کی بی این پی سے مستعفی ہونے کا اعلان یہ اعلان بی این پی مینگل کے سابق ضلعی صدر کفایت اللہ بلوچ کی رہائشگاہ میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں کیاگیا۔ اس موقع پر ضلع بھر سے بی این پی کے سابق ضلعی و تحصیل عہدداران اور کارکن بڈی تعداد میں موجود تھے۔۔ کفایت اللہ بلوچ نے کہاکہ ہم گزشتہ تین3 دہائیوں سے بی این پی کے پلیٹ فارم سے وابستہ تھے اور پارٹی کی ترقی کیلئے دن رات قربانیاں دی بلخصوص پنجگور میں پارٹی کو فعال بنانے کیلئے اپنے خون پسینے سے اس درخت کی آبیاری کی۔ ہر قسم کی جانی ومالی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ پارٹی کیلئے ہرقسم کی تکالیف برداشت کرکے جیل کی صحبتیں کاٹ لی اور مقدمات کا سامنا کیا۔۔ اور پارٹی کے جھنڈے کو سر بلند رکھا۔ لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پارٹی میں ورکرز کی جگہ آج سرمایہ دار اور بڑی بڑی گاڑیوں والوں نیلی ہے۔قربانی دینے والوں کی قربانیوں کو فراموش کرکے پارٹی میں جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے شمولیت کرنے والوں کو کارکنوں اور نظریاتی دوستوں سے زیادہ ترجیح دی جارہی ہے۔۔ عہدوں کیلئے ورکرز کو نظرانداز کرکے پیراشوٹرز کو ترجیح دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ہم نے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا اور پارٹی کی طرف سے ہمیں یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ہم ان غلطیوں کو دوبارہ نہیں دہرائیں گے لیکن پھر بھی اس کے برعکس ہوا۔ اب بھی پارٹی میں آمرانہ طرز کے فیصلے کئے جارہے ہیں۔اور پارٹی میں جمہوریت کا گلا گھونٹا جارہا ہے مخلص ورکرز کی پارٹی میں کوئی اہمیت نہیں ہے۔ سرزمین اور قوم کی خدمت کے بجائے صرف مفادات کو ترجیح دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ہم نے فیصلہ کیاہے کہ ہم بلوچستان نیشنل پارٹی کے ساتھ مزید سیاسی سفر کو جاری نہیں رکھ سکتے ہیں اور اس پریس کانفرنس کے توسط سے بی این پی کے بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا باضابطہ اعلان کرتے ہیں۔آج کے بعد ہمارا بی این پی مینگل سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اپنے تمام ساتھیوں ورکرز اور پارٹی کے بزرگ رہنماوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا جلد اعلان کریں گے۔