2022-23 کا بجٹ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ ہے، میر ضیاء للہ لانگو

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے صوبائی بجٹ برائے مالی سالی2022-23کو ایک عوام دوست اور تاریخی بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ ہے جس کا مجموعی حجم612 ارب روپے ہے جس میں تمام شعبوں پر بھر پور توجہ دی گئی ہے اور اس بجٹ پر عمل درآمد سے صوبے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا اور عوام کی زندگیوں میں ایک نمایاں تبدیلی رونما ہو گی۔ مشیر داخلہ نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے مشکل مالی حالات کے باوجود ترقیاتی منصوبوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور اس بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 191.5 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات بلاتاخیر عوام تک پہنچ سکیں اور اس مقصد کیلئے ترقیاتی بجٹ کا 92 فیصد حصہ مختص کیا گیا ہے۔ مالی سال 2022-23 کے صوبائی بجٹ کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں مشیر داخلہ نے بجٹ کو صحیح معنوں میں ایک غریب پرور بجٹ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ بجٹ میں عام آدمی کو خاطر خواہ ریلیف دیا گیا ہے۔ بجٹ میں 2852 سے زائد ملازمین کی مستقلی شامل ہے نئی آسامیاں پیدا کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں رواں سال مارچ سے دیئے گئے ڈی آر اے الاو نس سمیت مجموعی طور پر 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں بھی 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔مشیر داخلہ نے کہاکہ غریب اور متوسط طبقے پرمہنگائی کے اثرات کو کم کرنے اور اس طبقے کو ریلیف دینے کیلئے ہیلتھ کارڈ کیلے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ سماجی شعبہ شروع ہی دن سے بلوچستان عوامی پارٹی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہا ہے اور نئے بجٹ میں صحت و تعلیم سمیت دیگر سماجی شعبوں کے بجٹ میں تاریخی اضافہ کیا گیا ہے۔ ا نہوں نے کہاکہ صوبے کے امن و امان کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو تحفظ دینے کیلئے پولیس کے بجٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے مشیر داخلہ کاکہنا تھا کہ بلوچستان کے رواں مالی سال کم کئے گئے ٹیکسوں کی شرح کو مالی سال2022-23میں برقرار رکھا جانا قابل ستائش ہیں۔ مشیر داخلہ نے مشکل مالی صورتحال کے باوجود ایک بہترین بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو، وزیر خزانہ سردار عبدالرحمان کھتیران، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقلی، اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے