لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کمیٹی کا اجلاس ہر ہفتے بلانے کا فیصلہ، آمنہ مسعود جنجوعہ کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)لاپتہ افراد کے حوالے سے کابینہ کی قائم کردہ ذیلی کمیٹی نے معاملے کی سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ہفتے کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں فرحت اللہ بابر کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا جبکہ آمنہ مسعود جنجوعہ کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔کمیٹی کنونیر وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے کمیٹی صرف کاغذات کی حد تک کام نہیں کرے گی بلکہ عملی طور پر نتائج سامنے آئیں گے،لاپتہ افراد کا معاملہ میرے دل کے بہت قریب ہے۔جمعرات کووفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی صدارت میں لاپتہ افراد کے حوالے سے کابینہ کی قائم کردہ ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری، وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ اور وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین شریک ہوئے۔اجلاس میں وزارت قانون اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں معاملے کی سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ہفتے کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔کمیٹی کنونیروفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے کمیٹی صرف کاغذات کی حد تک کام نہیں کرے گی بلکہ عملی طور پر نتائج سامنے آئیں گے، کمیٹی کے آئندہ اجلاسوں میں تمام مکاتب فکر کو سنا جائے گا اور صوبائی سطح سے بھی تجاویز لی جائیں گی،لاپتہ افراد کا معاملہ میرے دل کے بہت قریب ہے۔کمیٹی رکن آغا حسن بلوچ نے کہا کہ ہمیں اس کمیٹی سے امید ہے کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کروایا جائے گا،ان ماں باپ کے لئے بہت مشکل ہے جن کو پتہ نہ ہو کہ ہمارا بچہ کہاں ہے۔کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں فرحت اللہ بابر کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔آمنہ مسعود جنجوعہ کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے