ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شکیلہ نوید دہوار
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ان کے فنڈز سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔منصوبوں کے معیاری تعمیر کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے جعفر آباد کے پارٹی کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہاکہ ان کے فنڈ سے محکمہ لوکل گورنمنٹ جعفر آباد کے مختلف منصوبوں کے ٹینڈرز کئے گئے ہیں تاہم باعث تشویش ہے کہ میرٹ پرٹینڈرز ہونے کے باوجود ایک ٹھیکیدار نے میرٹ کو یقینی بنانے کی بجائے غیر قانونی طریقے سے ٹھیکے کے حصول کے لئے اسٹے لیاہے انہوں نے کہاکہ تعجب ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں ہمیشہ میرٹ کا راگ الاپنے والے گورنمنٹ کنٹریکٹرز میرٹ پر عملدرآمد ہونے کیخلاف اسٹے لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کی نمائندہ جماعت ہونے کے ناطے ترقیاتی منصوبوں میں کسی کو کرپشن کرنے نہیں دے گی ہمارا مقصد بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اس مقصد کیلئے ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ کسی کی بلیک میلنگ میں آئے بغیر ترقیاتی منصوبوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔