امتحانی پرچے میں مہاجروں سے متعلق متنازع سوال دینے والا ٹیچر بلیک لسٹ

کراچی(ڈیلی گرین گوادر) سندھ ٹیکنیکل بورڈ نے امتحانی پرچے میں مہاجرین سے متعلق متنازع سوال شامل کرنے والے ٹیچر کو بلیک لسٹ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کراچی کے تحت ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (ڈی اے ای) کے تیسرے سال کیلئے ہونے والےاسلامیات/مطالعہ پاکستان اور اخلاقیات کے پرچے میں سوال کیا گیا تھا کے ’مہاجرین کی آمد سے پیدا ہونے والے مسائل تحریر کریں‘۔

چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ ڈاکٹر مسرور شیخ نے ایکسپریس نیوز نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سوال کے معاملے پر امتحانی سینٹراور موڈریٹر کے خلاف سخت کارروائی کر کے ان کو بلیک لسٹ کردیا اور ناظم امتحانات گل محمد کنڈ کو ہدایت دی ہے کہ اب جو بھی پرچہ پیپرسیٹر بنائے گا اس کی پہلے چیکنگ کی جائے۔
چئیرمین بورڈ کے مطابق موڈریٹر کوبھی اس کے متعلق احکامات جاری کردیے تا کہ ایسی غفلت دوبارہ نہ ہو، ان کا مزید کہنا تھا کہ اب ہر پرچہ کھول کر دیکھا جائے گا، اس بات کا سختی سے خیال رکھا جائے گا۔

دوسری جانب بورڈ کی طرف سے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن نکالنے کے بجائے سرکلر نکالنے پر اکتفا کیا گیا ہے، سرکلر میں ان افراد کے نام بھی شامل نہیں ہیں جن کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہاگیا کے سوال یہ کیا جاتا کہ مہاجروں کو پاکستان آمد کے بعد کن مسائل کا سامنا کرنا پڑا مگر اس سوال کو متنازعہ بنادیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے