وزیراعلیٰ بلوچستان نے بجٹ میں اجتماعی مفادات کے منصوبوں کو ترجیح دی،سینیٹرثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان حکومت بالکل صحیح سمت پر گامزن ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہمیشہ صوبے کے عوام کے لئے اجتماعی مفادات کے منصوبوں کو ترجیح دی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مختلف مکاتب فکر کے افراد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مالی سال بجٹ برائے 2022-23 بناتے وقت ہر طبقے کی مشکلات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔نچلے طبقے کے لئے خصوصی پیکجزکے ساتھ ساتھ بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے گئے ہیں۔بلوچستان بجٹ میں ہم نے بلوچستان کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے 42 ارب مالیت کے کئی نہایت اہم منصوبے منظور کرائے ہیں جو آنے والے وقت میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ان منصوبوں میں بینظیر شہید گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ، بینظیر بھٹو ڈیجیٹل لائبیری کا قیام،واشک، آواران اور خاران میں بینظیر بھٹو شہید ڈیمز شامل ہیں۔دریں اثناء بلوچستان کے سیاسی و عوامی حلقوں نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی ذاتی کاوشوں سے منظور ہونے والے 42 ارب کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سینیٹر ثمینہ ممتا ز زہری نے بلوچستان کی بیٹی ہونے کا حق ادا کرتے ہوئے اپنی ذاتی کوششوں سے بلوچستان کی ضروریات و مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام اور صوبے کے لئے نہایت اہم منصوبے بلوچستان بجٹ میں منظور کرائے۔سیاسی و عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری مستقبل میں بھی بلوچستان کی کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور عزم و جذبے سے اہم کردار اداکرتی رہیں گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے وفد میں شامل مختلف مکاتب فکر کے افراد اور دیگر مقتدر حلقوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ میں بلوچستان کی نمائندہ کی حیثیت سے صوبے کی ضروریات کومدنظر رکھتے ہوئے ان منصوبوں کے لئے کام کرنا ہمارا فرض تھا۔ ہم نے جو منصوبے بجٹ میں منظور کروائے ہیں وہ بلوچستان کی ضرورت اور صوبے کے مفاد میں تھے اور ان کی منظوری سے بلوچستان ترقی و خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہمارا وقت ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں بلوچستان کے عوام کی خدمت کا موقع دیا ہم صوبے کے مفادات اور ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرتے رہیں گے اور بلوچستان کے حقوق کے لئے ہر فورم پر اپنی آواز اٹھائیں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان حکومت نے مشکل حالات میں بہترین بجٹ پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ اہم منصوبوں کے علاوہ بجٹ میں بلوچستان کے ہر ضلع میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے رکھے گئے ہیں جس سے بلوچستان ترقی کے نئے سفرپر تیزی سے گامزن ہو گا اور صوبے میں معاشی و سماجی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے