محترمہ بے نظیربھٹو ڈسٹرکٹ ٹاپرزاسکالرشپ اسکیم کے تحت 2 لاکھ روپے دیئے جارہے ہیں، میرنصیب اللہ مری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیرتعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے،میٹرک کے امتحانات میں سرکاری اسکولوں کے ٹاپرطلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے محترمہ بے نظیر بھٹو ڈسٹرکٹ ٹاپرز اسکالرشپ اسکیم کے تحت 2لاکھ روپے دیئے جارہے ہیں تاکہ یہ طلباء و طالبات اپنے تعلیمی اخراجات برداشت کرسکیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں طلباء و طالبات میں اسکالرز شپ کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سیکرٹری تعلیم روف بلوچ، ڈائریکٹراسکولز عبدالواحدشاکر،ڈائریکٹر کالجز محمد رزاق ابڑو بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء و طالبات میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر انہیں مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو بلوچستان وہ تعلیم کے میدان میں صوبے کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے ہونہار طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے محترمہ بے نظیر بھٹو ڈسٹرکٹ ٹاپرز اسکالر شپ اسکیم کا اجراء کیا اس اسکیم کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات میں ضلع بھرمیں سرکاری اسکولوں سے امتحان میں شرکت کرکے اول پوزیشن حاصل کرنے والے ایک میل اور ایک فی میل سٹوڈنٹ کو انعام سے نوازا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2020ء کے سیشن میں بلوچستان بھر کے 33اضلاعسے ضلع میں ٹاپ کرنے والے طلباء کو آج دو دو لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع سے ایک میل اور ایک فیمیل طالب علم کو منتخب کرنے کیلئے اخبارات میں اشتہار کے ذریعے درخواستیں طلب کی گئیں درخواستوں کی وصولی کے بعد بورڈ کی جانب سے تصدیق شدہ رزلٹ سے ویری فیکشن کرنے کے بعد محکمہ ہذا کے افسران پر مشتمل کمیٹی نے میرٹ لسٹ تیار کی جس میں شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا گیا اور ضلع میں صرف سرکاری اسکولوں سے امتحان میں سب سے زیادہ مارکس حاصل کرنے والوں کو میرٹ میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کی بھی اب یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پہلے سے زیادہ محنت کریں۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری،سیکرٹری تعلیم روف بلوچ، ڈائریکٹراسکولز عبدالواحدشاکر،ڈائریکٹر کالجز محمد رزاق ابڑونے طلباء و طالبات میں دو دو لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے