بلوچستان عوامی پارٹی محب وطن لوگوں پرمشتمل ہے، میرعبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے بلوچستان کے بجٹ سال 2022-23کو تاریخی اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں موجودہ صوبائی مخلوط حکومت نے صوبے کی پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے 33 اضلاع کو برابری کی بنیاد پر ترقیاتی اسکیمات میں شامل کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جس کیلئے وزیراعظم بزنجو سمیت ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ ترقیاتی عمل میں انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین کو بھی شامل کیا جس سے ان کا سیاسی قد بھی بڑھ گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر خاران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے وفود کو بتایا کہ انہوں نے خاران کیلئے جن ترقیاتی اسکیمات کی نشاندہی کی تھی ان میں دو بڑی ترقیاتی اسکیمات کوئٹہ خاران روڈ اور 20سے زائد واٹر سپلائی اسکیمات کو صوبائی پی ایس ڈی پی2022-23میں شامل کر لیا گیا ہے جس کیلئے وہ وزیراعلیٰ قدوس بزنجو کے تہہ دل سے مشکور ہیں تاہم وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو کے نوٹس میں یہ بات لانا چاہتا ہوں کہ باقی دو اہم اور اجتماعی ترقیاتی اسکیمات جس میں جنگل سیک روڈ جو کہ آن گوئینگ میں ہے کیلئے 25کروڑ روپے درکار ہیں اسی طرح دریج سے شہید آباد روڈ جو کہ دو یونین کونسلوں کو ملاتا ہے اجتماعی ترقیاتی اسکیم ہے اور زمینداروں کیلئے یہ روڈ اس لئے بھی فائدہ مند ہے کہ یہاں سے ان کا مال منڈیوں تک باآسانی پہنچ جاتا ہے لہذا ان دو اجتماعی ترقیاتی اسکیمات کو بھی اگر وہ شامل کر دیں تو ان کا یہ فیصلہ عوامی مفاد میں ہوگا۔ خاران کے عوام ان کے احسان مند رہیں گے انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت سنبھالی ہے امید ہے کہ وہ پارٹی کو فعال کرنے اور ماضی کی دھڑے بندی کو ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ان کی ٹیم جس میں منظور کاکڑ‘ سردار صالح بھوتانی‘ نور محمد دمڑ‘ سعید احمد ہاشمی‘ ظہور بلیدی‘ جان جمالی‘ اعجاز سنجرانی اور دیگر شامل ہیں یقیناً پارٹی کو مل کر صحیح ٹریک پر لائیں گے اور انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں ان کی دن رات محنت سے بلوچستان عوامی پارٹی سپرسیٹ کرے گی اور اگلے 5سال کیلئے بھی صوبے میں اپنی حکومت بنائے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی محب وطن لوگوں پر مشتمل ہے عوام اور صوبے کی ترقی و خوشحالی ان کا مشن ہے ملک کی سالمیت اور دفاع کیلئے ہمارے لوگوں نے پہلے بھی قربانیاں دیں اور اب بھی ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی ترقی و خوشحالی کے خواب کو پورا کرنے کیلئے ان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے