اٹلی سے دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں،آرمی چیف
راولپنڈی(ڈیلی گرین گوادر) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اطالوی مسلح افواج کے چیف آف دی ڈیفنس اسٹاف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ اطالوی مسلح افواج کے سربراہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہونے والی ملاقات میں سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، اٹلی سے دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اطالوی چیف آف دی ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا، علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔