اسٹبلشمنٹ وسیاسی جماعتیں عوام کی خدمت میں مخلص نہیں،مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ وسیاسی جماعتیں عوام کی خدمت میں مخلص نہیں دیانت دار قیادت،مخلص حکومت کافقدان ہے۔ سیاسی، سماجی اور معاشرتی محاذ پر شرافت، محنت اور اخلاص و وفا مطلوب ہے۔آئی ایم ایف وامریکی غلامی سے نجات میں قوم کا فائدہ ہے۔آئی ایم ایف کے حوالے معیشت کرکے حکمرانوں نے قوم کو مستقل غلامی کے دلدل میں پھنسادیا۔آئی ایم ایف عوام پربھاری ٹیکسز مہنگائی مسلط کرنے کا باربار کہہ رہی ہے لیکن حکمرانوں کے تنخواہوں مراعات بدعنوانی میں کمی کا کوئی مطالبہ نہیں۔اس لیے آئی ایم ایف کو ہمارے عوام کی فکر نہیں اپنی معیشت پر قبضہ اور قوم کو قرضوں کے دلدل میں مستقل پھنسا ناہے۔ زمین پر فساد برپا کرنا شیطان کا ایجنڈا ہے۔ مغربی تہذیب کا امام امریکہ دُنیا بھر میں انسانوں کے درمیان انتشار اور جھگڑے مسلط کرکے اپنی بالادستی قائم رکھنا چاہتا ہے۔ اقتصادی میدان میں تباہی اور بربادی نااہل قائدین اور مفاد پرست حکمران طبقہ نے پھیلائی ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی مہنگائی، بیروزگاری، افراطِ زر، بدترین لوڈشیڈنگ اور ہوشربا گرانی کی چکی میں پِس رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی بدترین شرائط کو شہباز حکومت عوام کے تنِ مردہ پر مسلط کررہی ہے۔ عمران خان اور میاں شہباز سرکار کے اعمال و حکمتِ عملی میں کوئی فرق نہیں۔ ایڈہاک ازم اور مجبوریوں کے سامنے ہتھیار پھینک دیے گئے ہیں۔ عوام نسل در نسل غلامی اور غربت و ذلت کا شکار ہیں۔ اسلامی تہذیب، بھوک، ننگ، افلاس کے خاتمہ اور زندہ و بیدار خوددار قوم کی حیثیت سے آزادی اور وقار کے تحفظ کے لیے غریب، مظلوم، محب دین، محب وطن عوام کے بحرانوں کے خاتمہ کے لیے واحد آپشن جماعتِ اسلامی ہے۔ عوام ساتھ دیں، جماعت اسلامی ملک و ملت کو بحرانوں سے نکالے گی، خودانحصاری، اسلام کا معاشی نظام ہی مسائل کا حل ہے۔ عمران خان اقتدار سے محرومی کے بعد ہر چیز کو تہہ تیغ کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور نالائق، مفادپرست اتحادی حکومت کے ہاتھوں کے طوطے اُڑے ہوئے ہیں َ پٹرول، ڈیزل، بجلی، گیس، ٹرانسپورٹ کی قیمتیں، بدترین لوڈشیڈنگ، کرپشن اور رشوت سماج کے لیے ناقابلِ برداشت ہوچکی ہیں۔ قومی قیادت ہوش کے ناخن لے اور قومی مسائل کے حل کے لیے قومی ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کرے۔ بند گلی اور ضِد، ہٹ دھرمی کے مینار تباہ کن نتائج لاتے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے