نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے قاسم خان سوری کے مستعفی ہونے کے بعد انہیں عدالت سے ملنے والے اسٹے کو منسوخ کرنے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے مستعفی ہونے کے بعد انہیں عدالت سے ملنے والے اسٹے کو منسوخ کرنے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی، منگل کونوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کے وکیل کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قاسم خان سوری نے اسپیکر قومی اسمبلی کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کا مطلب ہے کہ وہ رکن قومی اسمبلی نہیں رہنا چاہتے اور اسپیکر نے قاسم سوری کو اس حوالے سے 8جون 2022کو ایک مراسلہ بھی جاری کیا ہے جس کی کاپی درخواست کے ساتھ لف کی گئی ہے درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ قاسم سوری کے مستعفی ہونے کی بناء پر عدالت عظمیٰ کی جانب سے بلوچستان ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے 27ستمبر 2019کے فیصلے کے خلاف قاسم سور ی کی درخواست کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا جائے یا پھر معاملے پرانصاف کی بنیادوں پر فیصلہ کیا جائے،نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے درخواست کو 27جون سے شروع ہونے والے ہفتے میں سماعت کے لئے مقرر کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔