ایف اے ٹی ایف کی ٹیم پاکستانی اقدامات کی تصدیق کرے گی، احسن اقبال

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی ٹیم پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کی تصدیق کرے گی جس کے بعد ہم گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں شامل ہوں گے جو بڑا اقدام ہوگا۔ اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان قائرہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آج کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم نے ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر کابینہ کو اعتماد میں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ ہم نے ایف اے ٹی ایف کی کلیئرنس کے لیے تمام تقاضے پورے کر لیے ہیں اور اب اس کا ایک تقاضہ یہ ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم پاکستان میں آکر تصدیق کرے گی، جس کے بعد ہمیں امید ہے کہ پاکستان کے لیے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں جانے کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم آنے کے بعد پاکستان گرے لسٹ کی پابندیوں سے آزاد ہوگا اور یہ پاکستان کی کاروباری ماحول کو فروغ دینے اور عالمی معیارات پر پورا اترنے کے لیے بڑا اقدام ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج کے کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک میں کسانوں کے لیے یوریا کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اگر ہمیں کوئی کمی ہے تو ہم دوست ممالک بالخصوص چین سے یوریا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو اس عمل کو بھی تیز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ مارکیٹ میں کسی قسم کی قلت پیدا نہ ہو۔ احسن اقبال نے کہا کہ یوکرین اور روس کی جنگ کی وجہ سے پوری دنیا میں تیل، اشیا خوردونوش، آئل، کوئلے اور گیس جیسی اہم ضروری اشیا کی فراہمی تعطل کا شکار ہے اور صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے متعدد ممالک اس وقت سپلائی چین برقرار رکھنے کے لیے کافی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن حکومت کوشش کر رہی ہے کہ ہم تمام وسائل بروئے کار لاکر کسی صورت بھی سپلائی چین میں قلت پیدا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ کی نظرثانی کے لیے ایک کمیٹی قائم کی ہے جس کے کنوینر وزیر تجارت ہوں گے جبکہ وزیر ریلوے، ہوابازی اور وزیر انڈسٹریز اس کمیٹی کے اراکین ہوں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر مقامی اور بین الاقوامی اجارہ سکوک پروگرام کی بھی منظوری دی ہے اور ساتھ ہی کابینہ نے وزارت صحت کی سفارش پر کورونا علاج میں استعمال ہونے والی انجکشن کی قیمت کو 2308 روپے سے کم کرکے 1892 روپے کرنے کی بھی منظوری دی ہے اور دیگر ادیات میں بھی کمی کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے