لورالائی میڈیکل کالج کے طالبعلموں کے مطالبات جائز اور حل طلب ہیں،بی ایس او

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں شعبہ تعلیم باالخصوص میڈیکل کالجز مختلف مسائل کا شکار ہیں جس سے طالبعلموں کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔دوسری جانب حکومت اور متعلقہ ادارے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ لورالائی میڈیکل کالج کے طالبعلم پرنسپل کے رویے اور دیگر مسائل کیلئے سراپا احتجاج ہیں لیکن کالج انتظامیہ کی جانب سے مسائل حل کرنے کے بجائے طالبعلموں کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔ بنیادی تعلیمی حقوق و دیگر ضروریات کیلئے پرامن احتجاج کرنے پر انتظامیہ کی جانب سے مسلسل ہراساں کیا جارہا ہے۔ تعلیمی ادارے انتظامیہ کی ہٹ دھرمی سے نہیں چل سکتے اور نہ ہی طلباء کو پریشرائز کرنے سے انکی آواز کو دبایا جاسکتا ہے۔ ترجمان بی ایس او نے کہا ہے کہ لورالائی میڈیکل کالج کے طالبعلموں کے مطالبات جائز اور حل طلب ہیں جن میں سرفہرست پرنسپل سمیت اسٹاف کی نامناسب رویہ، بوائز اور گرلز ہاسٹلز میں سیکورٹی، پانی، بجلی، میس سمیت اسکالر شپس و دیگر ایسے مسائل شامل ہیں۔ انتظامیہ مسائل کو حل کرنے کے بجائے اپنی ناکامی کو چھپا رہی ہے۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے کہا ہے کہ تنظیم لورالائی میڈیکل کالج کے طالبعلموں کے تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور حکومت و انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ طلباء کے مسائل کا فوری نوٹس لے کر حل کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے