آئی ایم ایف کی غلامی اوروعدہ خلافی میں سابقہ حکومت کو پیچھے چھوڑدیا ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ اے پی ڈی ایم وپی ٹی آئی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں دونوں آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر چل کر ملک کو بھاری سودی قرضوں کے دلدل میں پھنساکر عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے کررہے ہیں۔ موجود حکومت نے مہنگائی،آئی ایم ایف کی غلامی اوروعدہ خلافی میں سابقہ حکومت کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے سے لیکر سستے آٹے تک شہبازشریف حکومت کے سارے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا نیاطوفان آئے گا جس سے براہ راست عام آدمی ہی متاثر ہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کے اعلانات کے باوجودسخت گرمی میں بلوچستان بھرمیں پندرہ سے بیس گھنٹے بجلی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام سخت پریشان بدترین مہنگائی نے غریب عوام کو نان شبینہ کے محتاج ہورہے ہیں۔بلوچستان کے عوام کو ایران سے بجلی درآمد کرنے کیساتھ پٹرولیم مصنوعات کی تجارت کی قانونی اجازت دی جائیں۔ عوام بدترین لوڈشیڈنگ اور دووقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں تو دوسری جانب حکمرانوں کے اثاثے اربوں وکروڑوں میں اوروزیراعظم ہاوس وایوان صدرکے بجٹ میں اضافہ کرکے عوام کے زخموں پرنمک پاشی کی جارہی ہے۔فرسودہ نظام اورغیروں کے غلام حکمرانوں سے نجات حاصل کئے بغیر ملک بحران اورعوام مسائل سے نجات حاصل نہیں کرسکتے۔ کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیربناکر رکھ دی ہے۔حکومتی ترجمان جو دیگر ممالک میں پٹرول قیمتوں کے ریٹ بتا رہے ہیں توساتھ ہی ان ممالک میں فی کس آمدنی کا بھی بتادیں۔موجودہ حکومت نے 18دنوں میں تیسری بار 84روپے تک پٹرول قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پربجلی گرادی ہے،جبکہ ایک ماہ میں مسلسل روپے کی بے قدری اور 25روپے تک ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ سارا ملبہ پچھلی حکومت پر ڈالنا ان کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اتحادی حکومت ملک اورعوام کی حالت زار پررحم کرے۔آئی ایم ایف مالیاتی اداروں کی بجائے ملک وقومی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کئے جائیں۔