نوجوان کسی بھی ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،نظرزدران
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے صدر نظرزدران نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے لیکن پاکستان دشمن قوتیں یہ نہیں چاہتی ہیں اس لئے انہوں نے عمران خان کی حکومت کو سازش کے تحت ختم کرکے امپورٹڈ حکمرانوں کو عوام پر مسلط کیا ہے جس نے آتے ہی اپنے غیر ملکی آقاوں کو خوش کرنے کیلئے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے،انصاف یوتھ ونگ کو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں یونین کونسل کی سطح پر فعال اور منظم بنایا جائے گا کارکن عمران خان کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے میں اپنا کردارادا کریں۔ یہ بات انہوں نے انصاف یوتھ ونگ ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس سے انصاف یوتھ ونگ ریجن کے صدر سعید خان کاکڑ، ریجن ڈپٹی جنرل سیکرٹری مجیب درانی،ڈسٹرک سینئر نائب صدر ابراہیم کاکڑ،ڈاکٹر سلمان شاہ،دین محمد آغا،صاحب جان خروٹی،عمران خان اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے، بلوچستان میں ہونے والے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی اور من پسندامیدواروں کو کامیاب بنانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نظرزدران اور سعید خان کاکڑ نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کی ہدایت پر بلوچستان بھر میں انصاف یوتھ ونگ کو یونین کونسل کی سطح پرمنظم اور فعال بنایا جائے گا اور نوجوانوں کو انصاف یوتھ ونگ کے پلیٹ فارم پر اکٹھاکرکے انکی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دیگر پاکستا ن دشمن ممالک پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے اس لئے انہوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی حکومت کو ختم کرکے امپورٹڈ حکمرانوں کو عوام پر مسلط کیا ہے جنہوں نے آتے ہی ملک میں مہگائی کا طوفان کھڑا کردیا ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 80روپے سے زائد اضافے کی وجہ سے عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف اتوار کو احتجاج کی کال دی ہے انصاف یوتھ ونگ کے کارکن بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہروں میں بھر پورشرکت کرکے موجودہ حکمرانوں سے نفرت کا اظہار کریں گے۔