وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ سے ریکٹر نسٹ یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انجینئر جاوید محمود بخاری کی ملاقات

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ سے ریکٹر نسٹ یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انجینئر جاوید محمود بخاری نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ملاقات کی۔ وفاقی سیکرٹری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی غلام محمد میمن بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ملاقات میں نسٹ کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے بلوچستان کیمپس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ وزارت کا ہدف مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے پڑھے افراد کی تعداد میں اضافہ کرکے ملک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے ذریعے مختلف شعبوں میں آنے والے مواقع کے لیے استعمال کرنے پر زور دیا۔ ریکٹر نسٹ یونیورسٹی نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کو یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی پروگراموں اور نئے پروجیکٹس کے بارے میں بتایا۔ملاقات میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ یونیورسٹی کا بلوچستان کیمپس انجینئرنگ اورکمپیوٹر سائنسز کے شعبوں میں معیاری افرادی قوت پیدا کرکے انسانی وسائل کی ترقی میں حکومت کی مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال، بلوچستان کیمپس سول انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنسز کے شعبوں میں گریجویٹ پروگرام آفر کررہا ہے تاکہ انجینئرنگ اور سائنسز کے شعبوں میں معیاری افرادی قوت پیدا کرکے انسانی وسائل کی ترقی میں مدد مل سکے۔ انہوں نے مائننگ میں نیا گریجویٹ پروگرام شروع کرنے کے لیے یونیورسٹی کے بلوچستان کیمپس میں فنڈز کی ضرورت کی نشاندہی کی، اس کے علاوہ مختصر کورسز اور دیگر سہولیات کے لیے پیشہ ورانہ ترقی کے مراکز کے قیام کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے آئی ٹی اور انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں سائنس کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور اس مقصد کے لیے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ ریکٹر نسٹ یونیورسٹی نے وفاقی وزیر اور سیکرٹری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی کے جاری منصوبوں کے لیے ان کے تعاون کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے