مطالبات منظور نہ ہوئے تو پیر کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب ریلی نکالیں گے،بلوچستان سول سیکریٹریٹ آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان سول سیکریٹریٹ آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمالک کاکڑ نے کہا ہے کہ متنازعہ شیئر ڈسٹربیوشن کے تحت فیلڈ آفیسران کو سیکریٹریٹ کی پوسٹوں پر ناجائز پوسٹنگ اور پروموشن دی جارہی ہے،اگست 2021میں صوبائی کا بینہ کی منظور شدہ رپورٹ پر10ماہ گزرنے کے باوجود عمل درآمد نہیں کیا جارہا، حکومت وقت صوبائی کابینہ کے فیصلے پر عملدآمد کروائے اور ایس اینڈ جی اے ڈی اس کافی الفور نوٹیفیکیشن کرے بصورت دیگر 20جون کو وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب ریلی نکالیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو سول سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی، اس موقع پرتنظیم کے جنرل سیکرٹری ظہیر بلوچ، پریس سیکرٹری نجیب سرپرہ،آفتاب جبل، امین بادینی، صدیق کاکڑ، غلام نبی دہوار، غلام محمد دہوار، بہادر خان کاکڑ، سہیل احمد خان، حاجی عارف شاہوانی، واجد علی ہزارہ،سیکرٹریز، ایڈشنل سیکرٹریز، ڈپٹی سیکرٹریز، انڈر سیکرٹریز، سیکشن آفیسرز بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ c عوامی نمائندگان مکمل طور پر ضلعی انتظامیہ کے ماتحت ہو چکے ہیں جبکہ ضلعی نظام اور بیوروکریسی میں تبدیلی ناگزیز ہو چکی ہے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان بیوروکریسی میں 2کیڈرز وجود رکھتے ہیں BSSآفیسران کا کام سیکریٹریٹ کے امور دیکھنا ہے جبکہ BCSآفیسران کا کام فیلڈ کے معاملات دیکھنا ہیں مگر 2010کے ایک متنازعہ شیئر ڈسٹربیوشن کے تحت فیلڈ آفیسران کو سیکریٹریٹ کی پوسٹوں پر ناجائز پوسٹنگ اور پروموشن دی جارہی ہے اس سلسلے میں مختلف ادوار میں اِس نوٹیفیکیشن کے خلاف ہم نے احتجاج کیا آخری بار اکتوبر 2020میں تاریخی احتجاج اور دھرنا دیا گیا جس کے بعد صوبائی حکومت نے 24رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی کمیٹی نے اپنی حتمی رپورٹ پیش کی، انہوں نے کہاکہ رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ سیکریٹریٹ کیڈر کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے BSSکیڈر کے آفیسران رولز کے مطابق پروموٹ اور تعینات ہو سکتے ہیں جبکہ فیلڈ آفیسران تعداد میں کم ہونے کے باوجود فیلڈ پوسٹ جس میں تحصیلدار، اسسٹنٹ کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل کمشنراور کمشنرکی پوسٹوں پر تعینات ہونے کے ساتھ ساتھ سیکریٹریٹ کی پوسٹوں پر بطور سیکشن آفیسر، ڈپٹی سیکرٹری، ایڈیشنل سیکریٹری، اسپیشل سیکرٹری اور سیکریٹری تعینات ہوتے ہیں جو کہ رولز کے خلاف ہے،انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے واضح طور پر فیصلہ کیا کہ سیکریٹریٹ کیڈر کے آفیسران بھی فیلڈ میں تعینات ہو سکتے ہیں اور سیکریٹریٹ میں بھی ان کا شیئر تعداد کے مطابق ہونا چاہیے اگست 2021میں صوبائی کا بینہ نے مذکورہ رپورٹ کو منظور کیا لیکن 10ماہ گزرنے کے باوجود اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، انہوں نے کہاکہ ہم موجودہ سسٹم میں بہتری، ریفارمز، نظام میں شفافیت، میرٹ اور گڈ گورننس چاہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ حکومت وقت صوبائی کابینہ کے فیصلے پر عملدآمد کروائے اور ایس اینڈ جی اے ڈی اس کافی الفور نوٹیفیکیشن کرے، انہوں نے کہاکہ اگر ہمارا یہ دیرینہ مطالبہ نہیں پورا کیا گیا تو ہم 20جون کو وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب ریلی کی صورت میں پیش قدمی کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے